بیت المقدس میں چاقو حملہ ، 3 اسرائیلی زخمی

236
مقبوضہ فلسطینــ: اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اماراتی سفارت خانے نے نام نہاد امن پیغامات پر مشتمل دیوہیکل بینر آویزاں کررکھے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) مقبوضہ بیت المقدس میں چاقو حملے کے نتیجے میں 3 اسرائیلی شہری زخمی ہوگئے، جب کہ اسرائیلی پولیس نے ایک فلسطینی چاقو بردار شخص کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق زخمی ہونے والے یہودی مذہبی مدرسے کے طلبہ ہیں، جن کی عمریں 20 سال سے کم بتائی جاتی ہیں۔ حملہ آور نے شہر کے مرکزی بس اسٹیشن کے قریب یہود پر چاقو سے وار کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خاتون پولیس نے حملہ آور پر فائرنگ کردی جس سے فلسطینی شہری زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق حملہ آور فلسطینی شہری اسپتال میں زیر علاج ہے اور حملہ آور مغربی کنارے کے شہر الخلیل کا رہایشی تھا۔ میگن ڈیوڈ اڈوم نامی تنظیم کے طبی ماہرین نے بتایا کہ جن اسرائیلی شہریوں پر حملہ کیا گیا، ان کی عمریں 20 برس تھیں، حملے کے بعد انہیں بھی طبی امداد دی جارہی ہے۔حملہ آور کی حالت کے بارے میں تاحال کوئی خاطر خواہ معلومات موصول نہیں ہوئی۔اس سے قبل اسرائیلی فوج نے بتایا تھا ایک فلسطینی شخص نے مقبوضہ مغربی کنارے کے بیت لحم کے جنوب میں واقع گش ایزیون جنکشن پر اسکریو ڈرایور سے ایک سپاہی کو مارنے کی کوشش کی تھی۔فوج کے ایک بیان میں کہا گیا کہ وقوع پر موجود فوجیوں نے حملہ آور کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا تھا۔ دوسری جانب فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل کے سماجی کارکنوں اور مذہبی تنظیموں کی طرف سے مقامی مسلمانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ یہودی آباد کاروں کے دھاووں کو روکنے اور صہیونی ریاست کے شرپسندانہ منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے فجر کی نماز میں مسجد میں حاضری دیں۔ سوشل میڈیا یر’’محافظان مسجد ابراہیمی‘‘ کے عنوان سے ایک مہم شروع کی گئی ہے، جس میں الخلیل کے مسلمانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بالعموم روزانہ بالخصوص جمعہ کے روز نماز فجر مسجد ابراہیمی میں ادا کریں، تاکہ صہیونی ریاست کے ناپاک عزائم اور مذموم ارادوں کو ناکام بنایا جسکے۔