چین ،امریکا اور اقوام متحدہ کا افغانستان کے لئے امداد کا اعلان

211

واشنگٹن‘کابل(آن لائن+صباح نیوز)چین‘ امریکا اور اقوام متحدہ کا افغانستان کے لیے امداد کا اعلان۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے افغانستان میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 64 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے ،یہ امداد انسانی بہتری کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔اقوام متحدہ میں امریکی سفیر لنڈا تھمامپسن گرینڈ فیلڈ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ گرین فیلڈ نے جینیوا میں افغانستان پر منعقدہ اجلاس میں افغانستان کے حالات پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ امریکی امداد سے کئی مسائل کم کرنے میں مدد ملے گی۔ دوسری طرف اقوام متحدہ نے بھی افغانستان میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 2کروڑ امریکی ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔ جنرل سیکرٹر ی اینتونیو گتاریس نے کہا کہ جنگ سے متاثرہ ملک میں لوگ دہائیوں کے درد اور عدم تحفظ کے بعد شاید اپنے سب سے خطرناک وقت کا سامنا کر رہے ہیں،عالمی برادری کے لیے اب ان کے ساتھ کھڑا ہونے کا وقت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کے لوگوں کو کھانا، دوا، طبی خدمات، صاف ستھرا پانی، صفائی ستھرائی اور تحفظ کی فوری ضرورت ہے۔ادھرافغانستان میںطالبان حکومت کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے چین کے ایلچی وانگ یو نے ملاقات کی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ڈیڑھ کروڑڈالرمالی امداد کا اعلان کیا ہے۔امارت اسلامیہ افغانستان کے ترجمان ڈاکٹر محمد نعیم نے ٹوئٹ میں بتایا کہ عبوری حکومت کے وزیر خارجہ مولوی امیر اللہ متقی سے افغانستان کے لیے چین کے خصوصی ایلچی وانگ یو نے اہم ملاقات کی۔ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں چین کے ایلچی برائے افغانستان وانگ یو نے نئی حکومت کے قیام پر مبارک باد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔اس موقع پر چین کے ایلچی نے کورونا ویکسین کی 30لاکھ خوراکیں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ڈیڑھ کروڑ ڈالر کی مالی امداد کی فراہمی سے آگاہ کیا۔ ترجمان طالبان کے مطابق ملاقات کے دوران چین کے خصوصی ایلچی نے افغانستان کیساتھ انسانی ، معاشی ، سیاسی تعاون اور تعلقات قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے چین کی مالی امداد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین اور افغانستان ہمسائیہ ممالک ہیں اور دوطرفہ تعلقات کی ترقی دونوں فریقوں کے مفاد میں ہے۔