پنجاب کے عوام بزدار حکومت کی نااہلی کی سزا بھگت رہے ہیں،بلاول

385

اسلام آباد (صباح نیوز)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی پنجاب میں صفر کارکردگی ہے،پنجاب کے عوام بزدار سرکار سے بیزار ہوچکے ہیں، پنجاب کا چپہ چپہ پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی کی سزا بھگت رہا ہے، پنجاب کے جیالے اٹھ کھڑے ہوں، ہم عمران خان کے اقتدار کا خاتمہ کریں گے،پنجاب کے عوام کے ساتھ یہ ناانصافی ہوگی کہ وہ بزدار حکومت کی نااہلی کی سزا بھگتیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے نے پی پی وسطی پنجاب کے صدر اور سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف اور جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ سے زرداری ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر پی پی وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ بھی موجود تھے۔ بلاول زرداری اور پی پی وسطی پنجاب کے صوبائی عہدیداران کے درمیان سیاسی و تنظیمی صورت حال پر بات چیت اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ بلاول زرداری سے پی پی خیبرپختونخوا کے صدر نجم الدین خان اور جنرل سیکرٹری شازی خان نے بھی منگل کو زرداری ہائوس میں ملاقات کی۔ پی پی کے پی کے سیکرٹری اطلاعات امجد آفریدی بھی ملاقات میں موجود تھے۔بلاول زرداری اور پی پی خیبرپختونخوا کے صوبائی عہدیداران کے درمیان سیاسی و تنظیمی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔بلاول زرداری اور پی پی خیبرپختونخوا کے صوبائی عہدیداران کے درمیان کنٹونمنٹ بورڈز پشاور اور ایبٹ آباد کے انتخابات میں جیت کے بعد کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر بلاول نے صوبائی عہدیداروں کو ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا میں ہر سطح پر پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی کو بے نقاب کریں ۔ بلاول کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن اور بدانتظامی عروج پر ہے، عمران خان نے خیبرپختونخوا میں صحت کا نظام تباہ کردیا، عمران خان جس منصوبے میں ہاتھ ڈالتے ہیں وہ تباہ ہوجاتا ہے، خیبرپختونخوا کے 8سالہ دور اقتدار میں عمران خان کوئی ایک ایسا ڈھنگ کا کام نہ کرسکے جسے اپنا کارنامہ قرار دے سکیں جب کہ بلاول زرداری سے پی پی آزاد جموں و کشمیر کے صدر چودھری محمد یاسین نے بھی منگل کو ملاقات کی ،جس میں وادی کی سیاسی صورت حال پر گفتگو کی گئی جب کہ بلاول زرداری سے پی پی گلگت بلتستان کے نائب صدر بشیر احمد نے پارٹی وفد کے ساتھ زرداری ہائوس میں ملاقات کی جس میں علاقے کی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی جب کہ بلاول زرداری سے عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے بھی منگل کو ملاقات کی۔بلاول زرداری نے ایمل ولی خان سے ان کے والد اسفند یار ولی خان کی صحت سے متعلق خیریت دریافت کی۔ بلاول زرداری اور ایمل ولی خان کے درمیان خیبرپختونخوا کی سیاسی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔بلاول زرداری اور ایمل ولی خان کے درمیان خیبرپختونخوا کے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں جیت کے بعد کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔