الیکشن کمیشن ،اعظم سواتی اور فواد چوہدری سے الزامات کے ثبوت مانگنے کا فیصلہ

151

اسلام آباد(آن لائن+صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزرا فوادچودھری اور اعظم سواتی سے الزامات کے ثبوت مانگنے کا فیصلہ کرلیا ہے،الیکشن کمیشن نے دونوں وزرا کی پریس کانفرنس کا پیمرا سے ریکارڈ طلب کرلیا،الزامات ثابت نہ کرسکے تو کارروائی کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سلطان راجا کی زیر صدارت اجلاس ہوا،جس میں وفاقی وزرا فواد چودھری اور اعظم سواتی کے الزامات کا جائزہ لیا گیا، فواد چودھری اور اعظم سواتی نے چیف الیکشن کمشنر پر کرپشن اور(ن)لیگ کی جانبداری کاالزام عاید کیا تھا، جس پرچیف الیکشن کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔ اعلامیہ الیکشن کمیشن میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے وفاقی وزرا فواد چودھری اور اعظم سواتی کے الزامات مستردکردیے ہیں، الیکشن کمیشن نے فوادچودھری اور اعظم سواتی کو نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ، نوٹس کے ذریعے وفاقی وزرا فواد چودھری اور اعظم سواتی سے الزامات پر ثبوت مانگے جائیں گے،دونوں وزرااگر الزامات ثابت نہ کرسکے تو کارروائی کی جائے گی،الیکشن کمیشن نے دونوں وزرا کی پریس کانفرنس کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے۔ ادھر الیکشن کمیشن کے الزام تراشی کے معاملے پر وزرا کو نوٹس کے اجراپر حکومت اور ای سی پی میں نئی محاذآرائی کا خدشہ ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے نوٹس کے معاملے پر ٹوئٹ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا احترام اپنی جگہ لیکن شخصیات کے سیاسی کردار پر بات کرنا پسند نہیں تو اپنا کنڈکٹ غیر سیاسی رکھیں،نوٹس آیا تو تفصیلی جواب دیں گے،بحیثیت ادارہ الیکشن کمیشن کی حیثیت مسلمہ ہے لیکن شخصیات غلطیوں سے مبرا نہیں اور تنقید شخصیات کے کنڈکٹ پر ہوتی ہے ادارے پر نہیں ۔