روس پاکستان قربت بڑھنے لگی،پیوٹن کا ایک ماہ میں دوسری بار عمران خان کو فون

408
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک +آن لائن) روس اور پاکستان کے درمیان قربت بڑھنے لگی ۔ روسی صدر ولادی میرپیوٹن نے ایک ماہ کے دوران دوسری بار وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ جس میں افغانستان کی صورتحال شنگھائی تعاون تنظیم اور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے علاقائی سلامتی اور خوشحالی کے لیے افغانستان میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں مزید تعاون اور افغانستان کے معاشی بحران سے بچنے کی ضرورت پر زور دیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان کوفوری طورپرانسانی بنیادوں پرامداد کی ضرورت ہے، عالمی برادری اس حوالے سے کردار ادا کرے اوراہم موڑ پرافغان عوام کو تنہا نہ چھوڑے۔ وزیراعظم کے بقول عالمی برادری کوافغانستان کے ساتھ رابطوں میں رہنا چاہیے، پاکستان اور روس کے درمیان افغانستان کی صورت حال میں قریبی رابطہ اور مشاورت انتہائی اہمیت کی حامل ہے، افغانستان میں امن واستحکام علاقائی امن وخوشحالی کے لیے ضروری ہے۔ عمران خان نے مزید کہاکہ تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط کر ناہو گا۔ وزیراعظم نے گیس پائپ لائن منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی بھی درخواست کرتے ہوئے ایک بار پھر روسی صدر پیوٹن کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جس پر روسی صدر نے بھی وزیراعظم عمران خان کو دورہ روس کی دعوت دی۔