حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرادیا، قیمتوں میں 6 روپے تک کا اضافہ

363

اسلام آباد: مہنگائی سے ستائی عوام پر حکومت نے پیٹرول بم گرادیا ہے، اور قیمتوں میں 5 روپے 92 پیسے تک کا اضافہ کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے، اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ فی لیٹر اضافے کی سفارش کی تھی تاہم حکومت نے تجویز کے برعکس 5 روپے اضافہ کیا ہے۔

پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے ایک پیسہ فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 5روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے42 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے، جس کا اطلاق  آج رات 12 بجے سے اگلے 15 روز کیلئے ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے 10 روپے اضافے کی سمری  پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی گئی تھی، جس میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 10 روپے اضافے کی تجویز دی گئی تھی، جبکہ پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں ساڑھے 5 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔