سعودی عرب: مقیم غیرملکیوں کے لیے ایک اور سہولت

297

سعودی عرب نے حال ہی میں تین ممالک سے اٹھائی گئی سفری پابندیوں کا اصول مملکت میں مقیم غیرملکیوں ‏پر بھی لاگو کیا ہے۔

سعودی وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ جن ممالک پر سفری پابندیاں ہٹائی ہیں ان کے علاوہ سعودی شہریوں ‏اور مقیم غیرملکیوں کے لیے بھی یہی اصول اپنایا جائے گا۔

ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ جن ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیاں ہٹائی گئی ہیں ان کے شہری ‏سعودی عرب آسکتے ہیں تاہم ضروری یہ ہے کہ ان شہریوں نے ممنوعہ ممالک کا سفر نہ کیا ہو۔

ایسے افراد جو ممنوعہ ممالک کی فہرست میں سفر کر چکا ہے اسے پہلے مستثنیٰ ممالک میں 14 روز گزارنے ہوں ‏گے جس کے بعد ہی سعودی عرب آنے کی اجازت ہو گی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے حال ہی میں متحدہ عرب امارات، جنوبی افریقا اور ارجنٹائن کے شہریوں پر بحری، ‏بری اور فضائی پابندیاں ختم کی ہیں۔

سفری پابندی کا شکار ممالک میں پھنسے ‏ہوئے تارکین وطن کے اقاموں اور وزٹ ویزہ میں میں بلامعاوضہ توسیع ‏کر دی ہے۔

وہ مقیم غیرملکی جو سفری پابندیوں کی وجہ سے مملکت نہیں آسکتے ان کے اقاموں (ریذیڈنسی پرمٹ) ، ایگزٹ ‏‏اور ری انٹری ویزوں کے ساتھ ساتھ بیرون ملک کے وزٹ ویزوں میں 30 نومبر 2021 تک توسیع کر دی گئی ہے۔

محکمہ پاسپورٹ کے جنرل ڈائریکٹوریٹ (جوازات) نے تصدیق کی ہے کہ توسیع قومی معلومات مرکز کے تعاون ‏‏سے خود بخود ہو جائے گی۔

فی الحال سفری پابندی کا سامنا کرنے والے ممالک میں بھارت ، پاکستان ، انڈونیشیا ، مصر ، ترکی ، برازیل ، ایتھوپیا ‏‏، ویت نام ، افغانستان اور لبنان شامل ہیں۔