پی ایف وی اے کو قلیل مدتی مسائل کی نشاندہی اور حل کا ٹاسک مل گیا

437

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی حکومت نے پھل اور سبزیوں کی تجارت اور برآمدات کو درپیش مسائل کے ترجیحی حل کی یقین دہانی کرادی ہے۔ قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے زرعی مصنوعات کے 9ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ایف وی اے) کو پھلوں اور سبزیوں کی تجارت کو درپیش قلیل مدتی مسائل کے حل کے لیے تجاوز مرتب کرنے کاٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ تجاویز ایک ماہ میں مرتب کی جائیں گی جن پر کمیٹی کے اگلے اجلاس میں غور کرکے تمام متعلقہ وزارتوں سے اسی روز مسائل کے حل کے لیے عملی اقدام کو یقینی بنایا جائے گا۔ آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کے مطابق قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے زرعی مصنوعات کا اجلاس ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی فخر امام سمیت بین الصوبائی رابطہ کی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور دیگر متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ وحید احمد نے پھل اور سبزیوں کی تجارت کو درپیش مسائل اور پی ایف وی اے کے مرتب کردہ ہارٹی کلچر ویژن کے بارے میں بریفنگ دی۔