جماعت اسلامی کراچی کی تیسری بڑی پارٹی بن کر ابھری

456

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں ووٹوں کے حساب سے پیپلزپارٹی پہلے ،پی ٹی آئی دوسرے اور جماعت اسلامی تیسری بڑی جماعت سامنے آئی۔ تفصیلات کے مطابق 11 ستمبر کو کراچی کے6 کنٹونمنٹ کے42وارڈوں میں انتخابات کا انعقاد ہو ا ۔ جس میں مختلف سیاسی،مذہبی جماعتوںا ور آزاد امیدواروں سمیت356امیدواروں نے حصہ لیا۔ کراچی کنٹونمٹ بورڈ کے 6وارڈز میں ووٹرز کی تعداد 4لاکھ 57ہزار 139ہے۔ انتخانات کے نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے کراچی سے14 نشستیں لیکربھی مجموعی ووٹوں میں پی پی سے پیچھے نظر آئی۔ کراچی کنٹونمنٹ بورڈکے42وارڈز میں پیپلز پارٹی نے 42 میںسے 11 نشستیں جیت کر مجموعی طور پر20ہزار 375 ووٹ حاصل کرکے ووٹوں میںسب سے آگے رہی۔پی ٹی آئی نے 14نشستوں پر فتح حاصل کی اور انہوںنے مجموعی طور پر 20 ہزار 297 ووٹ لے کر صرف 78 ووٹ سے پیچھے رہی۔کراچی کنٹونمنٹ بورڈ میں سابق ریکارڈ توڑ کر جماعت اسلامی نے 5 نشستیںحاصل کیں اور 18ہزار20 ووٹ حاصل کیے۔ مجموعی ووٹوںکے اعتبارسے جماعت اسلامی کا تیسرانمبر رہا۔ایم کیوایم کراچی سے3نشستیں جیت سکی، ان کے ووٹوں کی تعداد 10ہزار 158 تھی جس کے باعث مجموعی ووٹوں کے حساب سے چوتھانمبر رہا۔کراچی کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں 6 آزادامیدوارکامیاب ہوئے جن کو مجموعی طور پر 7ہزار 741 ووٹ ملے۔ مسلم لیگ (ن)نے کراچی سے 3 نشستیں جیتیں، مجموعی ووٹ 4 ہزار 570 ملے۔ پی ایس پی 1688 ووٹ لیکربھی کوئی نشست نہ جیت سکی۔