وزیراعظم کا کنٹونمنٹ انتخابات کے نتائج پر اظہار تشویش

247

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے بیشتر علاقوں میں کنٹونمنٹ انتخابات کے نتائج پر تشویش کا اظہار کیا ہے، اور اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کنٹونمنٹ انتخابات کے نتائج پر اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزرا، پارٹی قیادت اور ذمہ داروں نے شرکت کی، اجلاس میں کنٹونمنٹ انتخابات میں تحریک انصاف کی کارکردگی پرغور کیا گیا۔

وزیراعظم نے پنجاب کے بیشتر علاقوں میں کنٹونمنٹ انتخابات کے نتائج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کنٹونمنٹ انتخابات کے نتائج سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی وزیر اعظم نے کہا کہ جنوبی، وسطی اور شمالی پنجاب کی الگ الگ رپورٹ بنائی جائیں، ذرائع کے مطابق وزیراعظم بدھ کو (آج) لاہور میں بھی اجلاس کی صدارت کریں گے۔