روسی صدر پیوٹن کا وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون، افغان صورتحال پر تبادلہ خیال

182

اسلام آباد: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن  نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا ہے، جس میں افغانستان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

وزیراعطم ہاؤس سے جاتی اعلامیے کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن  نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا ہے ،  ٹیلی فونک رابطے میں صدر پیوٹن اور وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان نے علاقائی سکیورٹی اور خوشحالی کیلئے افغانستان میں امن واستحکام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان افغانستان کی صورت حال میں قریبی رابطہ اور مشاورت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے افغانستان کیلئے انسانی بنیادوں پر امداد کی فوری فراہمی اور معاشی بحران سے بچاؤ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس نازک مرحلے پر افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم  نے مختلف شعبوں میں پاک روس تعاون بڑھانے پر زور دیا اور ساتھ ہی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ روس سے تجارت اور سرمایہ کاری مستحکم کرنا روابط میں سنگ بنیاد ہے۔ وزیراعظم نے گیس پائپ لائن منصوبے کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے کے حکومتی عزم کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے روسی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جبکہ روسی صدر نے بھی وزیراعظم کو دورے کی دعوت دی۔ اعلامیے کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر  نے روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔