شکایات پر 10 لاکھ لنکس، ویب سائٹس اور موبائل بلاک

452

پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے 10 لاکھ  سے زائد لنکس، ویب سائٹس اور ایک لاکھ 75 ہزار چوری شدہ، آئی ایم ای آئی والے موبائل سیٹ بلاک کر دیے۔

پی ٹی اے نے عوامی شکایات پر کی گئی کارروائیوں سے متعلق اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی اے کو اب تک 11 لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئی ہیں جس میں سے پی ٹی اے نے 10 لاکھ 46 ہزار سے زائد لنکس، ویب سائٹ کو بلاک کیا۔

اعلامیہ کے مطابق پی ٹی اے نے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایسے مواد کے خلاف  ایکشن لیا ہے۔ ڈیلی موشن، فیس بک، ٹیوٹر، انسٹا گرام، یوٹیوب پر ایسے مواد کی شکایات موصول ہوئیں تھیں۔

اتھارٹی نے ایک لاکھ 75 ہزار چوری شدہ، آئی ایم ای آئی والے موبائل سیٹ بلاک کیے ہیں موبائل تصدیقی سسٹم نے ڈھائی کروڑ غیر قانونی موبائل ڈیواسز کو بلاک کیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق پی ٹی اے50لاکھ سے زائد ڈپلیکیٹ آئی ایم ای آئی والے موبائل بلاک کیے ہیں۔