سید علی گیلانی کا نظریہ ہمیشہ قائم رہے گا‘ قونصل جنرل خالد مجید

250

قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کا نظریہ ہمیشہ قائم ودائم رہے گا۔ وہ جدہ میں جموں کشمیر کمیونٹی اوورسیزسعودی عرب کے زیر اہتمام سید علی گیلانی مرحوم کی یاد میں منعقد ہونے والےایک تعزیتی ریفرنس میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف استقامت کا پہاڑ بنے رہے۔ پیرانہ سالی میں بھی ان کے حوصلے جواں تھے۔ وہ مقبوضہ کشمیر میں نظریہ الحاق پاکستان کے امین اور داعی تھے۔ ان کی ناقابل فراموش جدوجہد پر پوری کشمیری قوم انہیں سلام عقیدت پیش کرتی ہے اور آج ہم یہ عزم کرتے ہیں کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک سید علی گیلانی کا مشن جاری رکھیں گے۔ ان کی رحلت پر پیدا ہونے والا خلا صدیوں تک پُر نہیں کیا جا سکتا۔ آزادی کی تحریک آسان نہیں ہوتی۔ پاکستان اور کشمیری قوم اس نظریے کو لے کر آگے چلے گی۔ جلد کشمیری اپنا حق خود ارادیت حاصل کریں گے۔
تقریب کی صدارت چودھری خورشید احمد متیال چیئرمین جموں کشمیر کمیونٹی اوورسیز نے کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے اس لیے نظریہ گیلانی کی آبیاری ہماری اولین ترجیح ہونی چاہے۔ مرد حریت نے اپنی پوری زندگی میں کبھی بھارتی سامراج کے سامنے سر نہ جھکایا۔ رب العزت ان کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
تعزیتی اجلاس میں پاکستان کی تمام سیاسی، سماجی، جماعتوں کے مرکزی رہنماؤں جن میں مسلم لیگ ن ، پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان، تحریک انصاف، جماعت اسلامی، پاکستان جموں کشمیرپیپلزپارٹی، الیکٹرانک میڈیا اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
مقررین نے ممتاز کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ سید علی گیلانی کی کشمیری قوم کے لیے پیش کی جانے والی شاندار خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ علی گیلانی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے آواز بلند کی اور علالت کے باوجود قید و بند کی طویل صوبتیں برداشت کیں۔ سید علی گیلانی عظیم حریت پسند رہنما تھے۔ کشمیری عوام آج ایک عظیم لیڈراور پاکستان ایک وفادار دوست سے محروم ہو گیا۔ کشمیر کی جدوجہد آزادی کے لیے مرحوم کے جذبہ حریت کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔
چیئرمین کشمیر کمیٹی جدہ مسعود پوری نے کہا کہ پاکستان ایک ناقابل تسخیر قوت ہے اور کشمیر کی آزادی تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ سید علی گیلانی مرحوم نے جو نعرہ لگایا تھا کہ ہم پاکستان ہیں اور پاکستان ہمارا ہے، اس کی پاسداری ہم سب پر فرض ہے۔ انہوں نے کہا سید علی گیلانی کی کشمیری قوم کے لیے دی گئی قربانیوں کو کبھی نہ بھلایا جائے گا۔رب العالمین ان کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ اجلاس سے سرداراقبال یوسف، سردارمحمد اشفاق، سردار وقاص عنایت، راجا شمروز، لطیف عباسی، عارف مغل، چودھری محمد اکرم، سید احسان الحق، امیر محمد خان، میاں محی الدین اور دیگر مہمانانِ گرامی نے سید علی گیلانی مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔