یومِ دفاع پاکستان قومی تاریخ کا روشن اوریادگار باب ہے‘ بلال اکبر

225

سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر نے کہا ہے کہ6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان قومی اورعسکری تاریخ کا روشن اور یادگار باب ہے۔ وہ پاکستان سفارت خانہ ریاض کے چانسری ہال میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پرمنعقدہ استقبالیہ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور جانوں کی پروا نہ کرنے والے غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ ریاض سے صحافی عابد شمعون چاند نے نمائندہ جسارت سید مسرت خلیل کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سفارت خانہ پاکستان کے ملٹری اتاشی بریگیڈیئر راجہ ہارون رشید نے سفیر پاکستان بلال اکبر کے ہمراہ مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ غیر ملکی سفارت کاروں اور ملٹری اتاشی فوجی افسران نے یوم دفاع وطن کے حوالے سے پاکستانی حکام کو جنگ ستمبر میں شاندار پیشہ ورانہ کارکردگی سمیت ہمت و شجاعت کی کئی ایک داستانیں رقم کرنے پر کبارکباد پیش کی۔ اس کے علاوہ پاکستانی کیمونٹی کے عمائدین نے جنرل (ر) راحیل شریف کو اپنے درمیان پا کر بھرپور خوشی کا اظہار بھی کیا۔ سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو پوری دنیا مانتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ متعدد ممالک کی افواج اپنی جنگی مشقوں میں پاک فوج کی شرکت کو یقینی بناتی ہیں۔ دوسرے ممالک کی افواج کی تربیت میں بھی پاک فوج کا کردار قابل فخر ہوتا ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی امن فوج کا بھی ایک قابل ذکر حصہ پاک فوج پر مشتمل ہے۔ پاک سعودی تعلقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان اور سعودی کے تعلقات مضبوط اور مستحکم ہو رہے ہیں۔ دو طرفہ تعاون کو بڑھایا جا رہا ہے اور دونوں ممالک کی قیادت تعلقات کو فروغ دے رہی ہے۔ افغانستان کے بارے میں پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کی ترقی و خوشحالی کا خواہاں ہے اور اس میں پائیدار امن کے لیے کام کر رہا ہے۔ تقریب میں افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ امور کے حوالے سے دستاویزی فلم بھی بھی دکھائی گئی۔ قبل ازیں تقریب کا آغاز تلاوت قران پاک سے کیا گیا۔ اس کے بعد سعودی عرب اور پاکستان کے قومی ترانے سنائے گئے۔ تقریب کا اختتام پُرتکلف عشایئے سے ہوا۔