پاکستان فورم منطقہ شرقیہ دمام کےتحت آن لائن تقریب

240

پاکستان فورم منطقہ شرقیہ دمام تحت آن لائن تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ہموطنوں اور دنیا کے مختلف ممالک میں بسنے والے پاکستانیوں نے شرکت کی۔ میزبانی کے فرائض بشارت اللہ نے ادا کیے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت معاذ فیض کے حصے میں آئی اور ترجمہ و تفسیر عرفان انصاری نے پیش کی۔ پروگرام کے میزبان بشارت اللہ نے تقریب کو سید علی گیلانی کی ہمت، شجاعت، استقامت اور بہادری سے منسوب کیا کہ جنہوں نے نعرہ لگایا تھا کہ اسلام کی نسبت سے ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے۔ پاکستان فورم کے نائب صدر فیض محمد حکیم نے پاکستان فورم کی تخلیق، تین دہائیوں پر مشتمل درخشندہ روایات اور تسلسل کا تعارف بیان کیا۔ مقررین نے فورم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یوم دفاع کے دن کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب پر پاکستان کے دفاع کی ذمے داری ہے، دوسرا یہ کہ یہ دن ہم اس لیے مناتے ہیں پاکستان کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جائے کہ جس کی تاریخ قیام سے لے کر اب تک جاری ہے۔ تیسرا یہ کہ ہمیں بچوں کے اندر قومی جذبہ اور شہدا کے لیے محبت پیدا کرنی چاہیے۔ اس دن کا چوتھا مقصد یہ ہے کہ ہم دنیا کو بتا سکیں کہ ہم پاکستان کا دفاع متحد قوم کی حیثیت سے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہدا اور غازیوں کے جنگی کارنامے بیان کیے جاتے رہنے چاہییں۔ ونگ کمانڈر (ر) زریں قریشی نے کہا کہ 1965ء میں جہاں ہماری بری اور بحری افواج اپنی شجاعت اور بہادری کا مظاہرہ کر رہی تھیں، وہاں پر فضائی افواج نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ اس کے بہادر سپوتوں نے جذبہ ایمانی سے دشمن کو سبق سکھایا۔ ایم ایم عالم ، نور خاں، سرفراز رفیقی اور دیگر بہادر ہوا بازوں کا ذکر کیا۔
پاکستان سفارت خانے سے ویلفیئر اتاشی نوید افضال نے مختصر اور جامع گفتگو میں فورم کا شکریہ ادا کیا کہ قومی تہواروں پر فورم ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے۔ اختتامی کلمات فورم کے صدر یعقوب سیفی نے ادا کیے۔ انہوں نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فورم کی 30 سالہ تاریخ کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایک ایسی کتاب ہے جس پر عمل کرکے ہم اپنے دفاع کو مضبوط بناسکتے ہیں۔ قائداعظم کے نظریات اور علامہ اقبال کے خواب کی حفاظت کر سکتے ہیں۔انہوں نے سید علی گیلانی کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔