مجلس محصورین پاکستان کے زیر اہتمام یوم دفاع پرآن لائن پروگرام

347

مجلس محصورین پاکستان (پی آر سی) نے یوم دفاع کی 56 ویں سالگرہ کے موقع پر پاک فوج کے شہدا کی یاد میں ایک آن لائن پروگرام منعقد کیا اور 6 ستمبر 1965ء کو بھارت کے خلاف 17 دن کی جنگ میں پاکستان کی یکجہتی اور سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
تقریب کی صدارت چیئرمین پی آر سی سید احتشام الدین ارشد نظامی نے کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ 6 ستمبر 1965ء کو بھارتی حملے کے خلاف پاکستان کی سالمیت کی حفاظت کے لیے ہماری افواج کی بہادری اورقربانیوں کا یادگار دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے محصورپاکستانیوں کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی ہے اوران کی بنگلا دیش سے وطن واپسی کے لیے اعلیٰ حکام سے ملنے کے لیے دوبارہ پاکستان جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
مہمان خصوصی انجینئر افتخار چودھری مرکزی ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن پی ٹی آئی نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ محصور پاکستانیوں کی واپسی کی حمایت کی ہے۔ جو ملک سے وفاداری اور حب الوطنی کے باوجود 50 سال سے بنگلا دیش کے کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے قومی دنوں پر تقریبات کے انعقاد، مسئلہ کشمیر اورمحصور پاکستانیوں کے کاز کو اجاگر کرنے میں پی آر سی کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان اور صدر عارف علوی کے ساتھ پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا بندوبست کرنے اور چودھری رحمت کی میت پاکستان لانے کے لیے بات چیت جاری رکھیں گے۔
مہمان خصوصی عائشہ ابوبکر نے پی آر سی کو یوم دفاع کے موقع پر تقریب کا اہتمام کرنے اور بھارت کو شکست دینے میں افواج پاکستان اور شہریوں کے کردار کے بارے میں تاریخی حقیقت بیان کرنے پر مقررین کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا فرض ہے کہ وہ پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو شہریت کے حقوق دیں اور انہیں جلد از جلد پاکستان واپس لائیں۔
ملک زبیر، پاک سعودی فرینڈزشپ فورم کے چیئرمین چودھری خالد رشید، ڈپٹی کنونیئر پی آر سی حامد اسلام خان، جنرل سیکرٹری سید مسرت خلیل، کمیونٹی لیڈر شمس الدین الطاف، آفتاب حسین اور انجینئر خالد جاوید نے پروگرام کے انعقاد پر پی آر سی کی تعریف کی اور انہوں نے مشترکہ طور پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے اپنے سے پانچ گنا بڑی فوج کو شکست دیتے ہوئے ملک کا دفاع کیا۔ انہوں نے ارباب اختیار سے محصور ین کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا۔ کنونیئر سید احسان الحق نے یوم دفاع کی تقریب میں شرکت کرنے پر تمام مقررین ، صحافی ، شاعروں اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں تقریب کا آغاز قاری محمد آصف نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ نعت سید محسن علوی نے پیش کی۔ معروف شاعر عبدالقیوم وثیق ، زمرد خان سیفی اور سید محسن علوی نے مسلح افواج کی تعریف کرتے ہوئے اپنی نظمیں پیش کیں۔ آخرمیں شمس الدین نے پاکستان کی یکجہتی ، سالمیت اور امن ا کے لیے دعا کی۔