شیخ محمد انور کی کتاب کی تعارفی نشست

175

ریلوے پریم یونین کے مرکزی صدر شیخ محمد انور کی کتاب ’’ہردم رواں ہے زندگی‘‘کی تعارفی نشست فیصل آباد کے ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ، انجینئرعظیم رندھاوا، میاں طاہر ایوب، تجمل حسین، پریم یونین کے رہنما خالد محمود چوہدری، محمد آصف جاوید اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پراپنی کتاب کا تعارف کرواتے ہوئے شیخ محمدانور نے کہا کہ کتاب ان کی زندگی، ریلوے کی ملازمت اور ریلوے پریم یونین کے پلیٹ فارم سے ریلوے ملازمین کے لئے ان کی جدوجہد کی عکاس ہے۔ریلوے پریم یونین نے حافظ سلمان بٹ مرحوم کی قیادت میں جس سفر کا آغاز کیا تھا آج وہ ننھا پودا ایک تناور درخت بن چکا ہے۔اس سارے سفر کو انہوں نے اپنی کتاب میں سمونے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سارے سفر میں جن دوستوں،عزیزواقارب اور قائدین نے ان کی حوصلہ افزائی کی ہے ان کا ذکر بھی شامل ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے ریلوے ملازمین کی فلاح وبہبود کے لیے ان کی بے مثال جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی کتاب کواردو ادب اورسوانح نگاری میں ایک بہترین اضافہ قرار دیا۔ ریلوے پریم یونین کے رہنما خالد محمود چوہدری نے شیخ محمدانور کے گزرے لمحات کو اپنی زندگی کا قیمتی سرمایہ قراردیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ریلوے پریم یونین ریلوے ملازمین کی فلاح وبہبود کے لئے اپنا سفر جاری رکھے گی۔