ایکسائیڈ بیٹری کے مزدورمسائل حل کیے جائے‘خالدخان

186

سائٹ میں واقع ایکسائیڈ بیٹری ایمپلائز یونین CBA کی 2019 کی چارٹرڈ آف ڈیمانڈ منظورنہ ہونے پر ایکسائیڈ بیٹری کمپنی میں یونین کی جانب سے مزدوروں نے مکمل ہڑتال کی۔ جس میں نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان ایکسائیڈ بیٹری ایمپلائز یونین کے کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایکسائیڈ بیٹری کی انتظامیہ مزدوروں کے قانونی حقو ق ہڑپ کررہی ہے۔ انتظامیہ نے ورکروں کو قانونی حقوق سے محروم کیا ہوا ہے۔ یہاں کی انتظامیہ نے خود ساختہ ٹھیکیداری نظام رائج کیا ہوا ہے جو کہ لیبر قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ انتظامیہ کی اس ہٹ دھرمی کی وجہ سے چارٹر آف ڈیمانڈ تک منظورنہیں ہوا۔ ایکسائیڈ بیٹری کی انتظامیہ نہ تو مزدوروں کو سالانہ بونس دے رہی ہے اورنہ تو 5 پرسنٹ ادا کررہی ہے اور نہ EOBI اور سوشل سیکورٹی میں ورکرز کی رجسٹریشن ہے۔ ایکسائیڈ بیٹری کی انتظامیہ ہوش کے ناخن لے اور فوری طور پر مزدوروں کے جائز حقوق بحال کرے ورنہ نیشنل لیبر فیڈریشن اپنی ملحقہ یونین کے ہمراہ کمپنی گیٹ پرایک بھرپوراحتجاجی مظاہرہ کرے گی اورہرقانونی راستہ اختیار کرے گی۔ خالد خان نے کہا کہ CBA یونین اور فیڈریشن کی جانب سے سیکرٹری لیبرسے لے کر ریجنل ڈائریکٹر EOBI اور سوشل سیکورٹی کو بار بار خطوط لکھ کر آگاہ کیا مگر متعلقہ اداروں نے بھی اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا۔ اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے عہدیدار سینئر نائب صدر صغیر احمد ،نائب صدر محمد سیلم، نائب صدر محمد خالق عثمانی جنرل سیکرٹری قاسم جمال، ڈپٹی جنرل سیکرٹری امیرروان، سینئر جوائنٹ سیکرٹری اشتیاق احمد اور نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کی ملحقہ یونینز کے ذمہ داران نے انتظامیہ کی اس ہٹ دھرمی کی مذمت کی ہے اورمطالبہ کیاہے کہ ایکسائیڈ بیٹری ایمپلائز یونین کے مسائل مذاکرات کے ذریعے فوری حل کیے جائے۔ عدالتی احکامات کی وجہ سے اب ہڑتال ختم ہوگئی ہے۔