آئی ایس آئی چیف کی میزبانی میں علاقائی ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کا سربراہی اجلاس ،افغان صورتحال پر غور

224

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں/مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں امن اور استحکام کی کوششوں میں پاکستان پیش پیش ہے، وفاقی دارالحکومت میں چین، ایران، روس اور تاجکستان کے انٹیلی جنس چیفس نے اہم ملاقات کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کی سیکورٹی صورتحال سے متعلق اسلام آباد میں ایران، روس، چین اور تاجکستان کے انٹیلی جنس چیفس نے ملاقات کی، ملاقات ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی میزبانی میں ہوئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں افغانستان کی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ خطے میں دیرپا امن و سلامتی کی صورتحال پربھی بات چیت کی گئی۔ اسٹیک ہولڈرز نے اتفاق کیا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائیگا کہ افغان سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہ ہو تمام ممالک افغانستان کی تعمیر نو میں کردار ادا کریں گے۔واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچے تھے۔ ڈی جی آئی ایس آئی کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی کابل گیا تھا۔ جنرل فیض حمید کی کابل ائرپورٹ پر تصویر بھی سامنے آئی جس میں انہوں نے ہاتھ میں چائے کا کپ پکڑا ہوا تھا۔ اس موقع پر کابل میں صحافی نے سوال پوچھا کہ آپ کو کیا لگتا ہے، افغانستان میں اب کیا ہو گا، اس پر جواب دیتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا کہنا تھا کہ فکرنہ کریں سب اچھا ہوگا۔کابل میں پاکستانی سفیر نے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم افغانستان میں امن واستحکام کے لیے کام کر رہے ہیں۔