پی ٹی آئی کے دور میں مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہوا، سراج الحق

319

لاہور:امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور میں مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ سونامی آخرکار آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی غلامی بن گئی۔

سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکمران تین سالوں میں بھی کوئی بہتری نہیں لا سکے، پی ٹی آئی کے دور میں ملک ریورس گیئر پر ہے، نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پورا نظام مفلوج ہو چکا ہے، عدالتوں میں انصاف نہیں، معیشت تباہ حال اور تعلیم و صحت کا ستیاناس ہو چکا ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان  کا کہنا تھا کہ حکومت میڈیا کو کنٹرول کرنے کی کوششیں نہ کرے، صحافیوں کے ساتھ ہیں، میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ  سیاسی جماعتیں درحقیقت بادشاہت چاہتی ہیں، جن میں ان کو کوئی پوچھنے والا نہ ہو۔ قوم سے سوال کرتا ہوں کہ کیا ہم اس نظام کو لانے میں کامیاب ہو گئے جس کی خاطر قائداعظمؒ کی سربراہی میں کروڑوں مسلمانوں نے قربانیاں دی تھیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ آئیے اسلام کے نام پر حاصل کیے گئے اس عظیم ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کرنے کے لیے جدوجہد کریں، ہم آنے والی نسلوں کو اسی فرسودہ سسٹم کے حوالے نہیں کر سکتے، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے اور آزمائی ہوئی پارٹیوں کو مسترد کرے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ہو یا دیگر جماعتیں جنھوں نے ماضی میں ملک پر حکومت کی، صرف اور صرف مغرب کی خوشنودی چاہتی ہیں، ان کی سیاست کا مقصد اپنے مفادا ت کا تحفظ اور مال بنانا ہے۔ ان لوگوں نے ہر اس سازش کا ساتھ دیا جو پاکستان کو اس کی نظریاتی اساس سے دور لے جائے۔