پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع

357

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کر دی گئی۔

وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ لاہو رسمیت پنجاب  بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 15 ستمبر تک بند رہیں گے اسکولوں کی بندش کا فیصلہ  کورونا  کی صورتحال کومدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے 9 اضلاع میں جامعات اور کالجز کی بندش میں 15 ستمبر تک توسیع کی گئی ہے۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن خیبرپختونخوا نے اعلامیہ جاری  کر دیا ہے جس کا اطلاق نجی جامعات اورکالجز پر بھی ہوگا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کورونا   کی روک تھام کے لیے توسیع این سی او سی ہدایات کے تحت کی گئی۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر اور چیئرمین نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر( این سی او سی )اسد عمر کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں کورونا پھیلاؤ کی صورتحال، کیسز کی شرح، ایس اوپیز پر عملدرآمد سمیت ویکسی نیشن کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں این سی اوسی نے کورونا پابندیوں میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ24 حساس اضلاع میں تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتے کے لیے بند رہیں گے، توسیع کا فیصلہ کورونا کی صورتحال اور ہیلتھ سسٹم پر دباؤ کے باعث کیا گیا۔