“سید مودودیؒ نے عقیدہ ختم نبوت اسلامیان پاکستان کے دلوں میں اتارا”

575

لاہور:امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ مجاہدختم نبوت اور بانی جماعت اسلامی سید مودودیؒ نے اپنے دلکشں اور آسان تحریری انداز میں عقیدہ ختم نبوت اسلامیان پاکستان کے دلوں میں اتار دیا۔

منصورہ میں تحفظ ختم نبوت کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے اپنے خون سے تحریک ختم نبوت ﷺمیں رنگ بھرا۔ ملک کے اسلامی قوانین دشمنان دین کو پسند نہیں ، قادیانی اورسیکولرلابیز توہین رسالت کے قانون میں ترامیم چاہتی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اہم حکومتی عہدوں پرقادیانیوں کی تعیناتی کی رپورٹس ہر پاکستانی کے لیے لمحہ فکریہ ہے، ایسے عناصر ملکی سلامتی اوروحدت کے لیے نقصان دہ ہیں۔ ہمارے خاندانی نظام پر حملے ہورہے ہیں، علماءاورمدارس، دین بیزار طبقہ کی ہٹ لسٹ پر ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم نے ملک کو مدینہ کی ریاست بنانے کا وعدہ کیا مگر ان کی حکومت کے کام اس کے برعکس ہیں۔ قوم ملک کی نظریاتی اساس کی حفاظت کے لیے متحدہو۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں جماعت اسلامی عقیدہ ختم نبوتﷺ اور پاکستان کے اسلامی تشخص کی حفاظت کے لیے ہر میدان میں ہراول دستے کاکردار ادا کرتی رہے گی۔

سراج الحق نے پاکستان میں تحریک ختم نبوتﷺ کے تاریخی پس منظر پر بات کرتے ہوئے شرکاءکو بتایا کہ سید مودودیؒ نے فتنہ قادیانیت کی حقیقت کو شروع دن سے ہی پہچان لیا تھا اور قیام پاکستان سے قبل ہی اسلامیان برصغیر کو اس کے بارے میں آگاہ کرنا شروع کردیا تھا۔

انہو ں نے مزید کہا کہ قرآن وسنت کا نظام ہی ملک کے مسائل کا واحد حل ہے۔ اگر قوم نے جماعت اسلامی پراعتماد کیا تو ہم ملک میں عدل وانصاف پر مبنی اسلامی معاشرہ کی تشکیل کرکے پاکستان کو عظیم سلطنت بنائیں گے۔