نئی افغان حکومت کی تشکیل آخری مراحل میں ہے، انس حقانی

703

کابل: طالبان رہنما انس حقانی کا کہنا ہے کہ نئی افغان حکومت کی تشکیل آخری مراحل میں ہے۔

الجزیرہ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طالبان رہنما انس حقانی نے کہا کہ جلد نئی حکومت کے خدو خال سامنے آجائیں گے تاہم یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ کون کون حکومت میں شامل ہے۔

دوسری جانب طالبان رہنما عباس ستانکزئی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نئی طالبان حکومت کا اعلان آئندہ 24 سے 48 گھنٹے میں متوقع ہے، حکومت میں پرانے چہرے شامل نہیں ہوں گے۔

عباس ستانکزئی نے کہا کہ ہر قومیت کے نئے اہل افراد کو نئی حکومت کا حصہ بنایا جائے گا، طالبان حکومت میں سرکاری اداروں میں خواتین کی نمائندگی ہوگی۔

خیال رہے کہ قندھار میں طالبان کی نئی حکومت کی تشکیل کے لیے جاری اجلاس تین دن بعد ختم ہوگیا۔ اجلاس کی سربراہی امیرِ طالبان ہبت اللہ اخوندزادہ نے کی جبکہ ملا عبدالغنی برادر سمیت اہم رہنما بھی اجلاس میں شریک تھے۔