کراچی: اسٹیبلشمنٹ نے کسی کو اتنا سپورٹ نہیں کیا جتنا اس حکومت کو کیا، شہباز شریف

350

کراچی: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 74 سال میں اسٹیبلشمنٹ نے کسی کو اتنا سپورٹ نہیں کیا جتنا موجودہ حکومت کو کیا ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ ملکی تاریخ میں ایسی مثال موجود ہے۔

تفصیلات کے مطابق  شہباز شریف کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ مزاحمت، نہ مفاہمت، صرف شفاف الیکشن اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں جبکہ موجودہ حکومت نالائق اور نااہل ہے اور اقتدار میں بھی چور دروازے سے آئی ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ کراچی پر قانون کی حکمرانی ہوگی، ہر ایک کو محنت کا صلہ ملے گا، قائد اعظم کی جدوجہد اور قربانیوں سے پاکستان انعام میں ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  قائد اعظم نے پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا خواب دیکھا، آج ہم اپنے قائد سے شرمندہ ہیں، قائد کے فرمودات کو فراموش کیا، پاکستان دولخت ہوگیا اور ہم نے پھربھی سبق نہیں سیکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کسی جادو ٹونے سے ختم نہیں ہوئی، نواز شریف کی محنت اور جدوجہد سے ملک میں لوڈشیڈنگ ختم ہوئی اورمحنت اور دیانت سے اپنا کھویا مقام حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک چھوٹے صوبے ترقی نہیں کریں گے پاکستان ترقی نہیں کرے گا، گرین لائن نوازشریف کا منصوبہ تھا جو ن لیگ نے سندھ اور کراچی کے عوام کو تحفہ میں دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سیاسی جماعت اور ایک حقیقت ہے، تمام سیاسی جماعتوں نے مجھے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بنایا ہے، میرا فرض ہے کہ میں تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلوں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کےاحتساب میں سب دوست ساتھ دے رہے ہیں، میں ان کا شکرگزار ہوں، ہم نے مطالبہ کیا ہے کہ 2023 کے انتخابات شفاف ہونا چاہئیں، عوام جسے حکومت کا موقع دیں انہیں خدمت کرنے کا موقع دینا چاہیے۔

شہبازشریف نے کہا کہ کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک کیا گیا، کراچی میں پانی کی بدترین صورتحال ہے، صوبے کو کام کرنے کا موقع دیں، روڑے اٹکانا عوام کی خدمت نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نالائق اور نااہل ہے، یہ چور دروازے سے آئی ہے، گزشتہ 74 سال میں اسٹیبلشمنٹ نے کسی کو اتنا سپورٹ نہیں کیا جتنا اس حکومت کو کیا، ہمیں مزاحمت یا مفاہمت نہیں صرف شفاف انتخابات چاہیے۔