افغانستان سے آنے والوں کو صرف 21 دن کا ویزا دینگے،شیخ رشید

276
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد پریس کانفرنس کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ افغانستان سے پاکستان آنے کے خواہشمند افراد کو صرف 21 دن کا ٹرانزٹ ویزا دیں گے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھاکہ افغان باشندوں کی دستاویز ٹھیک ہیں تو ویزا دینے کو تیار ہیں، اس کے علاوہ امریکا، برطانیہ سمیت تمام ملکوں کے سفارتکاروں کو بھی ویزے دینے کو تیار ہیں۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ کابل سے 1500 لوگ نکالے، ایک ہزار 480 افراد طورخم کے راستے یہاں پہنچے جبکہ افغانستان کے ساتھ چمن اور طورخم بارڈر کھلا ہوا ہے۔وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ افغانستان سے پاکستانیوں کا انخلا مکمل ہو چکاہے۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں درپیش مشکل صورتحال میں پاکستان کے کردار کو پوری دنیا میں سراہا جارہا ہے، خطے میں پاکستان کا کردار اہمیت اختیار کررہاہے، پاکستان کی پالیسیاں کامیاب ہیں، ان حالات میں اپوزیشن کو حکومت کے ساتھ ہونا چاہیے، سیاست ملک کے لیے ہونی چاہیے ذات کے لیے نہیں، مولانا فضل الرحمان کو مذہبی معاملات پر قومی کردار ادا کرنا چاہیے، سی پیک کے خلاف سازش پاکستان سے دشمنی کے مترادف ہے ۔شیخ رشید نے کہا کہ شہبازشریف جب بولتے ہیں تو مریم اور نواز خاموش ہوجاتے ہیں، بلاول کے خلاف کوئی بات نہیں سن سکتا، عمران خان 3 سال پورے کرچکے اب باقی 2سال میں بڑے بڑے لوگ جیل جائیں گے اور عمران خان آئندہ الیکشن بھی نہیں ہاریں گے۔علاوہ ازیںنجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد کی سیکورٹی کے لیے 2 ہزار نئے کیمرے لگا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی ہمارا مسئلہ ہے اس پر قابوپانے کے لیے منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔ شیخ رشید نے کہا کہ کابل کا مسئلہ اہم ہوتا جا رہا ہے، ہماری ذمہ داریاں بڑھ سکتی ہیں۔ افغانستان سے تمام پاکستانیوں کا انخلا مکمل ہوچکا ہے۔ افغانستان میں مقیم 30 پاکستانیوں نے لکھ کردیا ہے کہ وہ واپس نہیں آنا چاہتے ہیں۔