سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ’روشن اپنا گھر اسکیم‘

494

بینک دولت پاکستان سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ایک نئی پراڈکٹ ’روشن اپنا گھر اسکیم‘ اِس ہفتے شروع کرے گا جس کے تحت وہ پاکستان میں اپنی املاک خرید سکیں گے۔

غیر مقیم پاکستانی ’روشن ڈجیٹل اکاؤنٹ‘ کے ذریعے اب پاکستان میں مکان خرید سکتے ہیں یا مکان کے لیے قرضہ حاصل کر سکتے ہیں۔ ’روشن ڈجیٹل اکاؤنٹ‘  اسٹیٹ بینک کا ایک بڑا اقدام ہے جو پاکستان میں کام کرنے والے کمرشل بینکوں کے اشتراک سے 10ستمبر 2020ء کوشروع کیا گیا تھا۔

یہ اکاؤنٹس پاکستان میں بینکاری، ادائیگی اور سرمایہ کاری کی سرگرمیاں انجام دینے کے خواہاں لاکھوں غیر مقیم پاکستانیوں کو بینکاری کے اختراعی راستے فراہم کرتے ہیں ۔ ان اقدامات کے تحت سمندر پار پاکستانیوں کو کئی مالی مصنوعات فراہم کی گئی ہیں جن میں، سرمایہ کاری کے لیے ’نیا پاکستان سرٹیفکیٹ‘ کار کے قرضے کے لیے ’روشن اپنی کار‘ اور فلاحی اداروں کو عطیات کے لیے ’روشن سماجی خدمات‘ شامل ہیں۔ ’روشن اپنا گھر‘ بھی اسی سلسلے کی نئی طرز کی بینکنگ پراڈکٹ ہے۔

غیر مقیم پاکستانی اب بیرونِ ملک بیٹھے بیٹھے اور کسی بینک کی برانچ میں جائے بغیر مکان خرید سکتے ہیں یا مکان کے لیے آسانی سے قرضہ حاصل کر سکتے ہیں۔ وہ بینک کے پہلے سے منظور شدہ منصوبوں میں سے مکان خرید سکتے ہیں یا پھر قرضہ حاصل کر سکتے ہیں یا کوئی بھی جائیدادلے سکتے ہیں۔ ٹیکس نظام سادہ اور حتمی ہے۔ جائیداد کی فروخت کی صورت میں، سرمائے کے طور پر لگائی ہوئی اصل رقم کسی اجازت کے بغیر بیرونِ ملک منگوائی جا سکتی ہے۔ شرحِ منافع پُرکشش ہے۔ قرضہ روایتی اور شریعت سے ہم آہنگ طریقوں دونوں میں دستیاب ہے۔