قومی یکجہتی فورم کے تحت یومِ استحصالِ کشمیر پر تقریب کا انعقاد

301

قومی یکجہتی فورم کے زیر اہتمام جدہ کے مقامی ہوٹل میں یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا اہتمام گیا گیا، جس کی صدارت کنونیئر سردار اقبال یوسف نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی قونصل جنرل پاکستان خالد مجید تھے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض میاں محی الدین نے ادا کیے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری آصف نے حاصل کی۔ تقریب کا استقبالیہ جماعتِ اسلامی کے میاں ذوالفقار نے دیا اور قومی یکجہتی فورم کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ انہوں نے فورم کی مسئلہ کشمیر کے لیے کاوشوں کو اجاگر کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ملک شمس الطاف نے آرٹیکل A 370 اور 35 A پر تفصیلی روشنی ڈالی اور اس کی قانونی حیثیت کے بارے میں شرکاہ کو آگاہی دی۔
مسلم لیگ ن آزاد کشمیر سے راجا گل فراز نے ولولہ انگیز خطاب کیا جو کہ مقبوضہ وادی میں بسنے والوں کے جذبات کا عکاس تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی سڑکیں بند کرنے یا لانگ مارچ سے نہیں ہوگی، مسلمانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہییں۔ کفر کا قانون چل سکتا ہے لیکن ظلم کا قانون نہیں چل سکتا۔ پاکستان مسلم لیگ ق سعودی عرب کے چیئرمین چودھری اظہر وڑائچ نے کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہر فورم پر ان کی آواز بنیں گے۔ مسلم لیگ ن کے چیئرمین چودھری اکرم گجر نے کہا کہ کشمیر کی لڑائی چند برس نہیں، بلکہ ایک صدی پہ محیط ہے۔ ہم جاں باز کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی سے احمد فواد سواتی، پاک اوورسیز میڈیا فورم سے فہیم ملک اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
مہمانِ خصوصی قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے خطاب میں قومی یکجہتی فورم کی اس کاوش کو سراہا اور یقین دلایا کہ کشمیر کے لیے وہ ہر لمحہ حاضر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے لیے دردِ دل رکھنا اور اس کا اظہار کرنا صدقہ جاریہ و عبادت ہے۔ ہم سفارتی سطح پر اور دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بنے ہیں اور ان شاء اللہ بنتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت کمیونٹی ہم اپنی اپنی جگہ پر کام کر رہے ہیں لیکن قومی تہواروں پر سب کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا چاہیے۔
پاک یونائیٹڈ میڈیا سے خالد چیمہ ، محمد عدیل اور پاک اوورسیز میڈیا فورم سے شعیب الطاف، چودھری محمد خالد رفیق، فہیم ملک اور محمد حسان نے شرکت کی۔ تقریب میں مسلم لیگ(ن)کے وفد کی قیادت قائمقام صدر (ن) لیگ انجم فاروق اور چیئرمین چودھری اکرم نے کی تھی۔ مسلم لیگ ن کے وفد میں رضوان الحق، احسان الٰہی، احسن مسعود و دیگر ممبران شامل تھے۔ مسلم لیگ ق کے جدہ کے صدر عبدالشکور، بشارت علی سینئر نائب صدر ق لیگ، چودھری محمد امجد گجر، کوآرڈینیٹر برائے پبلک ریلیشنز پاکستان اوورسیز گلف، میاں زبیر رہنما پاکستان تحریک انصاف اور اسکے علاوہ کمیونٹی کے دیگر سرکرہ ارکان نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں فورم کے کنونیئر سردار اقبال یوسف نے سب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اووسیز پاکستانی اسی طرح ہر فورم پہ مسئلہ کشمیر اجاگر کرتے رہیں گے۔ تقریب کا اختتام جمعیت علمائے اسلام کے حافظ ابو بکر کی دعا خیر کے ساتھ ہوا۔