بنگلادیش میں محصور پاکستانیوں کی آواز بلند کرنے پر انجینئر افتخار چودھری کی تحسین

340

مجلس محصورین پاکستان (پی آر سی) کے کنونیئر انجینئر سید احسان الحق، چیئرمین احتشام ارشد نظامی، ڈپٹی کنونیئر حامد الاسلام خان،جنرل سیکرٹری سید مسرت خلیل اوردیگر تمام ممبران نے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی نارتھ پنجاب ترجمان و حکومت پنجاب، معروف کالم نویس انجینئر افتخار چودھری کے گزشتہ دنوں دیے گئے انٹرویوکی تعریف کی، جس میں انہوں نے پانچ دہائیوں سے بنگلادیش کے پناہ گزین کیمپوں میں محصور محب وطن پاکستانیوں کے حوالے سے حقائق اور ریاست کی ذمے داریوں کی یاد دہانی کی۔ احسان ا لحق نے کہا کہ افتخار چودھری نے اپنا حق پاکستانیت و اسلامیت ادا کردیا۔ یہ محب وطن محصورین سے ان کی سچی ہمدردی اور حب الوطنی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے افتخار چودھری کی پی آر سی اور محصورین کاز سے دیرینہ وابستگی کے بارے میں کہا کہ انجینئر افتخارچودھری جب 1985ء میں جدہ سعودی عرب ملازمت پر آئے تو انہوں نے مکینیکل انجینئرنگ اور آٹوموبائل کی متعدد کمپنیوں میں خدمات انجام دیں اور ابتدا ہی سے سماجی خدمات میں پیش پیش رہتے تھے۔ انہوں نے ہمیشہ کشمیر اور محصورین کاز کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔انجینئر افتخار چودھری نے سعودی عرب کی سب سے بڑی ثقافتی و سماجی تنظیم حلقہ یاران وطن قائم کی، جس میں معروف شاعر نسیم سحر، مرحوم ریاض ملک ، مرحوم رؤف طاہر، مرحوم انجینئر عزیز احمد، مرحوم مقبول الرحمن عباسی اور دیگر شخصیات کے ساتھ مل کر محصورین کے کازکو اجاگر کرنے میں بہت اہم کردار ادا کیا۔ پی آر سی جو ایک غیر سیاسی تنظیم ہے 1990 میں قائم کی گئی تھی۔ اس کا مقصد بنگلا دیش سے محصورین کی وطن واپسی کے لیے قومی سطح پربیداری پیدا کرنا ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے انجینئر افتخار چودھری کا پی آرسی کے ساتھ تعاون اور مسئلے کو ہر پلیٹ فارم سے اجاگر کرنا نہایت قابل تحسین ہے۔اس موقع پر پاک سعودی فرینڈز فورم کے چیئرمین چودھری خالد رشید، شمس الدین الطاف، انجینئر سید نیاز احمد، ڈاکٹر عبدلعلیم خان، انجینئر سید نصیر الدین، انجینئر خالد جاوید، انجینئراسلم تنویر، اسرار خان ، زمرد خان سیفی ، مکہ مکرمہ سے محمد عامل عثمانی وغیرہ نے بھی انجینئر افتخار چودھری کی کاوشوں کی تعریف کی۔