درخت لگانے سے معیشت مضبوط ،زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے،ڈاکٹر جمیل احمد

217

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی پولیس حیدرآباد ریجن ڈاکٹر جمیل احمد نے جشن آزادی کی مناسبت سے سندھ ایری گیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹیز کے دفتر کے احاطے میں ماحول دوست درخت سوہانجانا کے پودے لگائے۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائیریکٹر سیڈا پریتم داس، جنرل منیجر فنانس نعیم احمد میمن، جنرل منیجر آپریشن جے رام، سیکرٹری سیڈا خرم عزیز شیخ، لیفٹیننٹ کمانڈر نیوی عاطف بابر اور معروف سماجی کارکن جنید ڈاہری موجود تھے۔ ایڈیشنل آئی جی پولیس حیدرآباد ریجن نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ درختوں کی بے دریغ کٹائی اور کمی سے گلوبل وارمنگ میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کے نتیجے میں زیر زمین پانی کی سطح نہایت تیزی سے کم ہورہی ہے اور پینے کے صاف پانی کے ناپید ہونے کے باعث نوع انسانی شدید خطرات سے دوچار ہونے جارہی ہے۔ اس تمام صورتحال سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت ماحول کی خوبصورتی،ہوا کو صاف رکھنے،طوفانوں کازور کمزور کرنے،آبی کٹاؤ روکنے آکسیجن میں اضافے اور آب و ہوا کے توازن برقرار رکھنے میں معاون و مددگار ثابت ہوتے ہے۔ ایڈیشنل آئی جی پولیس حیدرآباد ریجن ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا ہے کہ درخت لگانے سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوتی ہے بلکہ زر مبادلہ حاصل ہوتا ہے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور انسانی نظام زندگی میں تبدیلیاں آتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دین میں بھی درختوں کو نقصان پہنچانے اور زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی تعلیمات دی گئی ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی پولیس حیدرآباد ریجن ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ جشن آزادی کے پر مسرت موقع پر عوام زیادہ سے زیادہ درخت لگاکر وطن عزیز کو ہر یالی کا تحفہ دیں۔