یوم آزادی پرکراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام

154

کراچی: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے یوم آزادی کے موقع پر کراچی میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ملک دشمن تنظیم کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس اور وفاقی انٹیلی جنس ایجنسی نے کراچی کے علاقے گلشنِ حدید میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے یوم آزادی کے موقع پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ملیر عرفان بہادر کے مطابق کراچی میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کی خفیہ اطلاع پر وفاقی انٹیلی جنس ایجنسی اور ملیر پولیس نے اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود گلشن حدید سمار جوکھیو گوٹھ میں کارروائی کرکے 2 ملزمان اکرام چانڈیو اور شیراز سومرو کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضے سے دو دستی بم برآمد ہوئے۔

پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزمان نے کراچی میں یوم آزادی کے موقع پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا ہے۔ ایس ایس پی عرفان بہادر نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق سندھ کی ویژن آرمی نامی ملک دشمن تنظیم سے ہے۔