لاہور سمیت پورا صوبہ لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ گیا‘ جاوید قصوری

99

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پورا صوبہ لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ گیا ہے۔ دن دیہاڑے چوری ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتیں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہیں۔ موجودہ حکمرانوں کی توجہ صرف اور صرف اپوزیشن کو سائیڈ لائن لگانے، بیوروکریسی میں من پسند افراد لانے اور انتقامی سیاست پر مرکوز ہو کر رہ گئی ہے۔ وزرا کی فوج ظفر موج قومی خزانے پر بھاری بوجھ بن چکی ہے۔ جس نے تحریک انصاف کی کفایت شعاری کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت جب سے برسر اقتدار آئی ہے عوام کے مسائل میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ مہنگائی کا جن بے قابو ہے اور مافیا حکومت کی صفوںمیں بیٹھ کر اقتدار کو انجوائے کررہاہے ہیں۔ عوام کو درپیش مسائل کا حل صرف اور صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے۔ ہم نے اقتدار سے باہر رہ کر بھی عوام کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدواران کو کامیاب کریں۔ ہماری ہر سطح کی قیادت کرپشن سے پاک اور بے داغ کردار کی حامل ہے۔