جیکب آباد، اولڈ میونسپل روڈ کے ٹرانسفارمر کی لنکس سیپکو عملے نے اتار دیں

93

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد کے ایکسپریس فیڈر سٹی ون کے اولڈ میونسپل روڈ کے ٹرانسفارمر کی لنکس سیپکو عملے نے اتار دیں چھے گھنٹے بجلی کا طویل بریک ڈائون ،علاقے مکین گرمی میں بجلی کی بندش سے تڑپ اٹھے۔ جیکب آباد میں سیپکو عملے کی جانب سے من مانی کا سلسلہ نہ رک سکا۔ جیکب آباد سب ڈویژن ون کے ایکسپریس فیڈر سٹی ون کے علاقے اولڈ میونسپل روڈ کے ٹرانسفارمر کی لنکس بلاجواز اتار دی گئیں، جس کے باعث علاقے کی چھے گھنٹے سے زائد بجلی بند رہی شدید گرمی میں بجلی کے غیر اعلانیہ بریک ڈاون کی وجہ سے علاقہ مکین تڑپ اٹھے۔ سیپکو سکھرکے شکایتی سیل میں بھی شکایت درج کرائی گئی لیکن اس کے باوجود کوئی ازالہ نہ ہوا، جس پر صارفین نے سیپکو کیخلاف سخت احتجاج کیا، ان کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کے یونٹ بچانے کے لیے سیپکو کو کرپٹ عملہ ایکسپریس فیڈر پر بھی غیر اعلانیہ، بلاجواز بجلی کی لوڈشیڈنگ کررہا ہے، جس کا چیف سیپکو نوٹس لے کر ذمے داران کیخلاف کارروائی کریں۔ انڈس فیڈر پر کام کے لیے سٹی ون ایکسپریس فیڈر کی بجلی بند کرنا کہاں کا اصول ہے، کبھی کراسنگ تو کبھی بنا پی ٹی ڈبیلو کے بجلی بند کر دی جاتی ہے جو کہ ضوابط کیخلاف ہے۔ سیپکو کے عملے کی من مانی بند کرائی جائے۔ اس سلسلے میں ایس ڈی او ون آفتاب کھوسو نے رابطے پر بتایا کہ محرم کے جلوس کا روٹ کلیئر کرنے کے لیے ٹرانسفارمر کی لنک اتاری گئی ہیں کام کررہے ہیں۔