ملک میں اسلامی حکومت نہ ہونے کے سبب ہر انسان پریشان ہے

202

میرواہ گورچانی (نمائندہ جسارت) پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین پرویز ہارون مرکزی صدر انور علی بھٹی، صوبائی صدر پروفیسر عبدالحمید شیخ و دیگر کا میرپورخاص کے ڈویژنل صدر ارشاد احمد خان سے والد کے انتقال پر تعزیت۔ پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین پرویز ہارون مرکزی صدر انور علی بھٹی صوبائی صدر پروفیسر عبدالحمید شیخ، حیدرآباد ڈویژن کے صدر سعید علی قریشی ضلعی صدر حسن مرتضی جنرل سیکرٹری زبیر احمد، تعلقہ ڈگری کے صدر لالا محمد اسحاق، یاسین گجر، جھڈو کے روشن محمود، کوٹ غلام محمد کے صدر فرید احمد خان، ضلع مٹھی کے صدر بھیر جی راجپوت، میر واہ گورچانی تعلقہ شجاع آباد کے صدر شہزاد انجم آرائیں، ہارون رشید، عبدالجبار چوہان و دیگر عہدیداران و ممبران نے میرپورخاص ڈویژنل صدر ارشاد احمد قائمخانی کے آبائی شہر کوٹ غلام محمد جاکر دکھ اور غم کا اظہار کیا اور ان کے والد کے لیے دعا کی۔ اللہ رب العزت اپنے فضل و کرم سے مرحوم کی مغفرت فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ علاوہ ازیں پی پی ایس اے کے صوبائی صدر پروفیسر عبدالحمید شیخ نے شہزاد انگلش گرامر ہائی اسکول میرواہ گورچانی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ کریم کی بے شمار نعمتوں میں سے ایک بہت بڑی نعمت ہے، یہ ہمارے آباؤ اجداد کی بے شمار قربانیوں کا ثمر ہے۔ اس ملک میں اسلامی حکومت نہ ہونے کے سبب ہر انسان پریشان ہے۔ اسلامی ملک میں اسلامی نظام، نظام مصطفی کا نفاذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا لاک ڈاؤن ختم کرنے کے اعلان کے باوجود اسکولوں کی مسلسل بندش کی وجہ سے طلبہ و طالبات کا مستقبل تباہ ہورہا ہے جبکہ اسکولوں کو بھی دوسرے کاروبار کی طرح ایس او پیز کے تحت کھولا جاسکتا ہے۔ انہوں نے صدر مملکت، وزیر اعظم اور چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کیا کہ نجی اسکول مالکان اور طلبہ کے والدین کی پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکولوں کو ایس او پیز کے مطابق کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔