پنجاب ،931 ٹریفک حادثات ،9 افراد جاں بحق،1015 زخمی

64

لاہور (این این آئی) پنجاب ایمرجنسی سروس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 931 روڈ ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جس میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 1015 افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی اور تحصیل کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ 407 معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں کی جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے اسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (67 فیصد) موٹر سائیکل حادثات کی ہے، اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے اور اولین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات 431 ڈرائیورز، کم عمر ڈرائیور 44 مسافر 473 اور 120 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 250 ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں، جن میں صوبائی دارالحکومت 264 متاثرین کے ساتھ پہلے، فیصل آباد 74 حادثات میں 81 متاثرین کے ساتھ دوسرے اور ملتان 70 حادثات میں 84 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ ان ٹریفک حادثات کے کل 1024 متاثرین میں 838 مرد اور 186 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں میں 176 افراد کی اوسط عمر 18 سال سے کم اور 563 افراد کی اوسط عمر 18 سے 40 سال کے درمیان جبکہ 285 زخمی افراد کی اوسط عمر 40 سال سے زائد ہے۔ ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 807 موٹر سائیکل، 140 آٹو رکشے، 87 موٹر کاریں، 25 وین، 9 مسافر بسیں، 27 ٹرک اور 116 دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔