مرتضیٰ وہاب کا کے ایم سی لینڈ کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کا حکم

159

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی، سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کے ایم سی لینڈ کا ریکارڈ مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ کیا جائے اور کے ایم سی کے تمام پلاٹوں کی تفصیلات سے متعلق معلومات بلدیہ عظمیٰ کراچی کی آفیشل ویب سائٹ پر موجود ہونا چاہئیں تاکہ لوگ کسی بھی پلاٹ کے متعلق آن لائن باآسانی معلومات حاصل کرسکیں، یہ بات انہوں نے محکمہ لینڈ کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کی تمام پراپرٹی کی حفاظت کے لیے اقدامات کیے جائیں، انہوں نے ہدایت کی کہ لینڈ سے متعلق جو معاملات عدالت میں زیر سماعت ہیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ قانون ان کی مکمل پیروی کرے تاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے مقدمات بہتر انداز میں چلا سکے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی لینڈ کے ریٹس کا تجزیہ کیا جائے اور جہاں ضرورت ہو وہاں قانون کے مطابق لینڈ ریٹ میں اضافہ کریں۔علاوہ ازیںبیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ہدایت کی ہے تمام افسران و ملازمین 30اگست تک ویکسی نیشن کروالیں مقررہ مدت تک ویکسی نیشن نہ کرانے والوں کی تنخواہیں روک دی جائیں گی۔مزید برآں باغ ابن قاسم میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو کراچی کے مسائل کے حوالے سے بریفنگ سے باہر آنا چاہیے بدقسمتی ہے جس شہر نے وزیر اعظم کو منتخب کیا وہاں وہ صرف 3 گھنٹے کے لیے آتے ہیں جو اس شہر اور شہریوں کے ساتھ ناانصافی ہے وزیر اعظم کو کراچی میں کچھ گھنٹے نہیں بلکہ کچھ دن گزارنے چاہییں تاکہ یہاں کے مسائل پر وہ فوکس کرسکیں ، وفاق صرف باتوں سے سندھ کو فتح کر سکتا ہے، سندھ کے مسائل حل کرنے کی انکی نیت نہیں ہے۔