ناظم جماعت اسلامی منگھوپیر کے بیٹے کا قاتل گرفتار

192

کراچی( اسٹاف رپورٹر) پولیس نے جماعت اسلامی کے علاقہ ناظم محمد اسحاق کی دکان پر فائرنگ کرکے ان کے نوجوان بیٹے محمد علی کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی ویسٹ سوہائی عزیز کے مطابق جماعت اسلامی حلقہ منگھوپیر کے ناظم محمد اسحاق کی دکان پر ملزمان نے 26 جولائی 2021 ء کو فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ان کا بیٹا محمد علی جاں بحق اور ان کا بھائی سراج زخمی ہواتھا، واقعہ کا مقدمہ الزام نمبر 445/2021 بجرم دفعہ 302/323/34 ناظم محمد اسحاق کی مدعیت میں تھانہ منگھوپیر میں درج کیا گیا تھا۔ایس ایچ او منگھوپیر نے خفیہ اطلاع پر فارسی گراؤ نڈ کے قریب مکان میں ٹارگٹڈ کارروائی کر کے ملزم مجاہد محسود ولد میر عجب خان کو گرفتار کر لیا،گرفتار ملزم سے قتل میں استعمال ہونے والا غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن اور 5000 نقدرقم برآمد کی گئی، ملزم نے دوران تفتیش جماعت اسلامی حلقہ منگھوپیر کے ناظم محمد اسحاق کی دکان پر ان کو قتل کرنے کی نیت سے فائرنگ کرنے کا اعتراف کیا، جس میں ان کا بیٹا محمد علی جاں بحق ہوا تھا،گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 789/2021ء درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، ملزم کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھا پے مارے جارہے ہیں ،ملزم سے برآمد ہونے والے اسلحے کو فارنزک کیلیے بھیجا گیا ہے۔