ووٹنگ مشین کے استعمال کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے‘شبلی فراز

127

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن واحد آئینی ادارہ ہے جس نے قانون کے مطابق الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے استعمال کے بارے میں فیصلہ کرنا ہے تاہم اس سسٹم سے فائدہ اور نقصان اٹھانے والے فریق اس پارلیمان میں ہیں، الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے نظام سے عوام کا حقیقی نمائندہ صاف،شفاف انتخابات کے بعد اس ایوان میں آئے گا، یہ مشینیں 100 فیصد مقامی سطح پر تیار کی گئی ہیں، الیکشن کمیشن کی ضرورت کے مطابق اگر اس میں کوئی تبدیلی کرنی ہو تو یہ بھی ممکن ہے،الیکٹرونک سسٹم انتخابی عمل میں شفافیت کے لیے ہے۔گزشتہ روزپارلیمنٹ ہائوس میں الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے استعمال کے حوالے سے ارکان کو ڈیمو دیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اس موقع پر الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے ذریعے اپنا ووٹ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ تمام پارلیمانی پارٹیوں سے التماس ہے کہ وہ اس سسٹم کا جائزہ لیں اور اس پر اگر کوئی تحفظات ہیں تو آگاہ کریں،اس سسٹم کو الیکشن کمیشن کے حوالے کیا جائے اور الیکشن کمیشن کو بھی اس پر اعتماد میں لیا جائے جبکہ الیکشن کمیشن اس سسٹم کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کو بھی بلا کر انہیں اس کی افادیت سے آگاہ کرے،اگر ان کے کوئی تحفظات ہیں تو وہ دور کیے جائیں۔