پوری دنیا میں حضرت عمرؓ کا تیار کردہ نظام چل رہا ہے ،مفتی عبدالقدوس

162

ٹنڈوجام(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری مفتی عبدالقدوس احمدانی نے کہا ہے کہ حضرت عمرؓ کی سیرت کے مطابق اگر حکومت کی جائے تو ہر طرف خوشحالی آسکتی ہے پوری دنیا میں جو نظام ہے وہ حضرت عمرؓ کے تیارکردہ ہے۔ یہ بات انہوں نے ریاض العلوم مدرسہ عثمان شاہ ٹنڈوجام میں شہادت عمرفاروقؓ کے موقع پر منعقد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عمرؓ نے فوج ،پولیس، ڈاک، مردم شماری، بیت المال ،زکوٰۃ، مہمان خانے تمام نظام جو اس وقت دنیا کے اندر چل ر ہے ہیں بہترین انداز میں چلا کر بتایا تھا کہ اگر حکمران اللہ تعالیٰ سے خوف رکھتا ہو تو اللہ تعالیٰ اس کے ہر کام میں آسانیاں پیدا فرما دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی اگر ہم سیرت عمرؓ پر نظام حکومت چلائیں تو چاروں طرف خوش حالی ہو جائے گی اور زکوٰۃ کا نظام صحیح چلائیں تو ملک سے غربت ختم ہوجائے گی اور اتنی برکت ہوگی کہ آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کے بجائے ہم دنیا کو قرضہ دینے والے بن جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم سیرت رسولﷺ اور صحابہؓ کی سیرت پر عمل کرکے دنیا اور آخرت کی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔اس موقع مولانا لیاقت بروہی ،مولانا ثنا اللہاور مولانا اسلم انڑ سمیت دیگر علما کرام نے بھی خطاب کیا۔