جیکب آباد، بے امنی اور پولیس زیادتیوں کیخلاف جے یو ئی آئی کا دھرنا

139

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جے یو آئی کا بڑھتی ہوئی بے امنی اور پولیس زیادتیوں کیخلاف مظاہرہ اور دھرنا۔ جمعیت علماء اسلام کی جانب سے ضلع میں بڑھتی ہوئی بے امنی اور پولیس زیادتیوں کیخلاف ایک احتجاجی جلوس میر حسن برڑو، مولانا تاج محمد بھٹی، عبداللہ عباس نوناری، قاری عنایت اللہ مہر، عبدالرزاق بلوچ اور دیگر کی قیادت میں نکالا گیا۔ مظاہرین نے جلوس نکال کر ٹھل شہر میں مارچ کیا اور بے امنی و پولیس کی شہریوں کے ساتھ زیادتیوں کیخلاف نعریبازی کی۔ مظاہرین نے ٹھل پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا، جس کے باعث روڈ بلاک اور ٹریفک معطل ہوگئی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی بے امنی اور پولیس کی زیادتیوں کے باعث عوام کا جینا محال ہوچکا ہے۔ چوری، لوٹ مار اور ڈکیتی کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں اور عوام غیر محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ضلع میں امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلع بھر میں امن و امان قائم کرکے شہریوں کے ساتھ پولیس کی زیادتیوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔