دورہ پاکستان،ٹیسٹ سیریز کیلیے آسٹریلیا کا 3 اسپنرز بھیجنے پر غور

374

سڈنی(جسارت نیوز)آسٹریلیا کو 24برس بعد پاک سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں 3اسپنرز کھلانے کے مشورے ملنے لگے۔آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو آئندہ برس8ٹیسٹ میچز کیلئے ایشیائی سرزمین پرآنا ہے،کینگروز پاکستان، بھارت اور بنگلا دیش کا دورہ کریں گے، یہ آسٹریلیا کا 1998کے بعد پاکستان کا پہلا ٹور ہوگا،اس دوران دونوں ممالک کے درمیان سیریز زیادہ تر متحدہ عرب امارات میں کھیلی جاتی رہی ہیں۔اب امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوچکی۔ ایشیا میں ٹیسٹ سیریز کیلیے کینگروز اسپن ہتھیاروں سے مکمل طور پر لیس ہوں گے۔سابق ٹیسٹ اسپنر اسٹیو او کیف نے آسٹریلیا کو دورہ ایشیا کے دوران پلیئنگ الیون میں 3 فرنٹ لائن اسپنرز شامل کرنے کا مشورہ دیا ہے، وہ خود 2017کے دورئہ بھارت کے دوران 14وکٹیں اڑا چکے ہیں۔انھوں نے کہاکہ مچل سویپسن اور ایشٹن ایگر ایشیا میں ناتھن لائن کو سپورٹ کرنے کیلیے تیار ہیں۔