میگا کرپشن مقدمات منطقی انجام تک پہنچائیں گے‘چیئرمین نیب

133

اسلام آباد(آن لائن)چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بڑی مچھلیوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور ان کے خلاف میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔ موجودہ انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد اور مانیٹرنگ سے نیب کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارے کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس کے دوران ڈی جی آپریشن نے بتایا کہ نیب کو اب تک 4 لاکھ 96 ہزار 460 شکایات وصول ہوئی ہیں ان میں سے 4 لاکھ 87 ہزار 124 شکایات نمٹا دی گئی ہیں۔ نیب نے 16 ہزار 93 شکایات کی جانچ پڑتال کی منظوری دی، 15 ہزار 378 شکایات کی تصدیق کا عمل مکمل کیا گیا۔ نیب نے 10 ہزار 241 انکوائریوں کی منظوری دی جن میں سے 9 ہزار 275 انکوائریاں مکمل کی گئیں۔ نیب نے 4 ہزار 654 انویسٹی گیشنز کی منظوری دی جس میں سے 4 ہزار 358 مکمل کی گئیں۔ نیب نے اس عرصے کے دوران 816.793 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں جو کہ ریکارڈ کامیابی ہے۔