کوئٹہ،3 روز میں چوتھا دھماکہ ،سرچ آپریشن میں 5 دہشت گرد ہلاک

128

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں 3روز کے دوران چوتھا دھماکا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب سی ٹی ڈی نے سرچ آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ تفصیلات کے مطابق شر پسندوں نے کوئٹہ کے علاقے سرکی روڑ پر ریڑی کو کریکر دھماکے کا نشانہ بنایا، تاہم دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرلیے، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ،وزیر داخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ بزدل دہشتگردوں کا تعاقب کیا جا رہا ہے دہشت گردوں حمایتوں اور سہولت کاروں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ علاوہ ازیں ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس میں سرچ آپریشن کیاگیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 5 مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔مبینہ دہشتگردوں کے زیر استعمال کمپاؤنڈ سے اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کہنا ہے کہ کارروائی میں فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ہلاک دہشت گرد محرم الحرام کے دوران تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنا دیا۔