محرم الحرام: مجالس اور جلوس کیلئے این سی او سی کی ہدایات جاری

686

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے محرم الحرام  میں مجالس اور جلوس کیلئے خصوصی ہدایات جاری کردیں،ہدایات  علماء کی سفارشات کو مدنظر رکھ کر جاری کی گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  محرم الحرام میں کورونا وائرس سے بچنے کے لیے این سی اوسی کے سربراہ اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں دیگر مذہبی اور سماجی علماء نے شرکت کی ، جن کی مشاورت کے بعد این سی او سی نے باقاعدہ ہدایات جاری کیں۔

جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام مجالس اور جلوس کورونا ایس او پیزکے تحت منعقد کیے جائیں گے، مجالس اور جلوسوں کے دوران ماسک کا استعمال، سماجی فاصلہ، تھرمل اسکریننگ کو  یقینی بنا یا جائے گا،گھروں میں نجی مجالس سے اجتناب کیا جائے گا۔

این سی او سی کا مزید کہنا تھا کہ مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر ہینڈ سیناٹئزرز اور ماسک مہیا کیے جائیں گے، مجالس ہوادار اور کُھلے کمروں میں منعقد کی جا ئیں گی،ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے انتظامیہ رضاکاروں کی خدمات حاصل کرے گی۔

این سی او سی نے مزید کہا کہ تمام ہدایات متعلقہ علماء کی سفارشات کو مدنظر رکھ کر جاری کی گئیں،مجالس اور جلوسوں کے دوران کورونا ایس او پیز کو نمایاں آویزاں کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ کراچی  میں  گرین لائن بی آر ٹی رواں سال اکتوبر میں شروع ہوگی،پانی فراہمی،نکاسی آب اور سڑکوں کے  منصوبے  بھی رواں سال مکمل ہوں گے۔