کوئٹہ میں دہشت گردانہ کارروائیاں سیکورٹی ادروں کے لیے چیلنج ہیں

152

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) محرم الحرام سے قبل کوئٹہ میں دہشت گردانہ کارروائیاں حکومت، انتظامیہ اور سیکورٹی ادروں کے لیے چیلنج ہیں، کوئٹہ دھماکوں کی ملک بھر کے علماء مشائخ کی نمائندہ تنظیم علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان شدید مذمت کرتی ہے ۔ علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے چیئرمین (سفیرامن) پیرصاحبزادہ احمد عمران نقشبندی مرشدی سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھیج پیر جٹا پنجم نے مذمتی بیان میں کوئٹہ دھماکوں میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت اور 12 پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد کے زخمی ہونے پر شدید غم و رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام کی آمد کے حوالے سے فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کی کوئٹہ دھماکوں نے قلعی کھول دی، جو وفاقی اور صوبائی حکومت کی ناکامی کا بین ثبوت ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے شہید اہلکاروں کے لواحقین اور زخمیوں سے دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے علماء مشائخ اس دکھ کی گھڑی میں ان کے غم میں شریک ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہید ہونے اور زخمی اہلکاروں کی مالی امداد اور بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں اور دھماکوں کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن قائم کیا جائے۔