آئندہ الیکشن الیکٹرونک مشینوں پر کرائے جاسکتے ہیں،فواد چوہدری

63

اسلام آبا د(آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر کرائے جا سکتے ہیں۔ای وی ایم سے دھاندلی کے امکانات کم ہوں گے ، ٹیکنالوجی کے حوالے سے تمام کام مکمل ہے، اپوزیشن اور حکومت کے درمیان اتفاق رائے ہو گیا تو اس کے اگلے روز ای وی ایم کی خریداری شروع کی جا سکتی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کے مابین اتفاق رائے ہو گیا تو آئندہ انتخابات ای وی ایم پر کرائے جا سکتے ہیں، یہ مشین انتخابات میں شفافیت کا سب سے بہترین ذریعہ ہے، انتخابات میں شفافیت کے حوالے سے میکنزم تیار کرنا ہوگا، ای وی ایم الیکشن کمیشن کی تمام شرائط پورا کرتی ہیں، ٹیکنالوجی کے حوالے سے تمام کام مکمل ہے، ای وی ایم سے دھاندلی کے امکانات کم ہوں گے۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ آخر ایسا کونسا طریقہ اختیار کیا جائے کہ الیکشن میں دھاندلی کے الزامات دور کیے جا سکیں، اگر وہ الیکشن ہارتے ہیں تو کہتے ہیں کہ دھاندلی ہوئی اور جیت جاتے ہیں تو کہتے ہیں کہ انتخابات ٹھیک ہوئے ہیں، اس حوالے سے ایک میکنزم تیار کرنا ہوگا جس سے انتخابات کی شفافیت پر سوال نہ اٹھایا جا سکے، اپوزیشن پہلے ان مشینوں کو دیکھے پھر اپنا فیصلہ کرے۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی عمل کے لیے ووٹنگ مشینوں کے ماڈل پارلیمنٹ ہائوس میں پیش کردیے ہیں۔ ان کا ارکان پارلیمنٹ کو مشاہدہ کرایا جانا ہے۔ سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی سے جب میڈیا کے بعض نمائندوں نے ان مشینوں پر اپنے رائے دینے اور مشاہدے کا کہا تو انہوںنے انکار کردیا ، ان الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کا آج منگل کو پارلیمنٹ میں عملی مظاہرہ کیا جائے گا، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے الیکٹرونک ووٹنگ مشین کا معائنہ کیا ، اس موقع پر چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، سینیٹر ز دلاور حسین، محسن عزیز اور سینیٹ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے چیئرمین سینیٹ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی ٹیکنالوجی، کام کرنے کا طریقہ کار اور ووٹ ڈالنے کے عمل کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔مزید برآںوفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر سید شبلی فراز نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے بارے میں بریفنگ دی اور اس کا عملی مظاہرہ بھی دکھایا گیا۔ اس موقع پرصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے انتخابی عمل میں شفافیت آئے گی، ووٹنگ مشین سے انتخابات میں دھاندلی کے سدباب میں مدد ملے گی، انہوں نے کہ کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے انتخابات کے نتائج بروقت موصول ہوں گیاورووٹر کی رازداری متاثر نہیں ہوگی۔