سعید غنی کا ایف آئی اے کے سامنے پیش ہونے سے انکار

109

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے ایف آئی اے کی جانب سے طلب کرنے پر پیش ہونے سے انکار کردیا۔سعید غنی نے کہا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے کچھ لوگوں کو نوٹس جاری کرنے کی خبر کا علم انہیں ٹی وی کے ذریعے ہوا ہے۔میں نے سوچا جب مجھے ذاتی طور پر موصول ہوگا تو پھر سوچوں گا کہ کیا کیا جائے تاہم نفیسہ شاہ صاحبہ نے بتایا کہ واٹس ایپ پر نوٹس ملا ہے اور حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پیر کو سندھ اسمبلی میں ذاتی نکتہ وضاحت پر اظہار خیا ل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی سہیل ساجد صاحب ہیں ،انہوں نے اسلام آباد میں ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ مسعود رحمن نے چیف جسٹس کے خلاف تقریر کی تھی جس کی سب نے مذمت کی تھی،میں نے اس کو شو کاز جاری کیا ، عہدے سے ہٹایااور اس کی پارٹی رکنیت بھی ختم کی۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کے نوٹس کا توہین عدالت کی کارروائی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ایک شخص نے ایف آئی آر کٹوائی ہے۔ ایک ایف آئی آر کو بنیاد بنا کر پوری پیپلز پارٹی کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ میں 13 تاریخ کو نہیں جاؤ ں گا۔مجھے اگر بلانا ہے تو گھر پر نوٹس بھیجیں۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ وزیر اعظم خود یہ کہہ چکے ہیں کہ ہم وفاقی اداروں کو سندھ میں استعمال کریں گے۔ یہ طریقہ کار مناسب نہیں ہے۔عدالت عظمیٰ کے پاس اختیار ہے وہ جو بھی کارروائی کرے۔پیپلز پارٹی رگڑے میں آنے والی نہیں ہے۔یہ بہت زیادتی ہورہی ہے۔