عثمان ڈار کی وائس چانسلرزسے ایچ ای سی کے نئے منصوبوں پر گفتگو

134

اسلام آباد(آن لائن ) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دفتر میں وڈیو لنک پر ملک بھر کے سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز سے گفتگو کی ہے۔ ہائرایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے شروع کیے جانے والے 5 نئے منصوبوں کے آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال ہوا۔ ان نئے منصوبوں میں گرین یوتھ موومنٹ، کامیاب جوان مرکز، کامیاب جوان ٹیلنٹ ہنٹ، کامیاب جوان انوویشن لیگ اور کامیاب جوان اسپورٹس اکیڈمیز شامل ہیں۔ یہ منصوبے حکومتی سطح پر نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں میں مصروفِ عمل رکھنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون نیکہا کہ عمران خان نوجوانوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ مانتے ہیں اسی لیے 4 ارب مالیت کے یہ منصوبے نوجوانوں کی تعمیراتی سرگرمیوں کے لیے تشکیل دیے ہیں ۔عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب جوان مراکز طلبہ کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے، حکومت پوری دیانتداری سے ان نئے منصوبوں پرعمل درآمد کرائے گی۔ان منصوبوں کے لیے آئندہ مالی سال میں بجٹ بھی بڑھا دیا جائے گا۔میٹنگ کے دوران وائس چانسلرز نے ان منصوبوں کے حوالے سے اپنی قیمتی آرا سے بھی آگاہ کیا۔