کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن‘ امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیے‘جماعت اسلامی

371

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ادارہ نورحق میں کنٹونمنٹ بورڈ فیصل ، کراچی، کورنگی ، کلفٹن ، ملیر اور منوڑاکے ضلعی ناظمین اور دیگر ذمے داران کا اجلاس ہوا جس میں امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیے گئے ۔ اجلاس نائب امیر جماعت اسلامی کراچی و انچارج الیکشن سیل راجا عارف سلطان کی زیر صدارت منعقدہوا،اجلاس میں مختلف اضلاع کے ناظمین انتخاب اور ذمے داران نے شرکت کی اور اپنے اپنے وارڈ زمیں انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے رہائشی مکینوں کو درپیش مسائل کی بنیاد پر رابطہ عوام مہم کا آغاز کیا جاچکا ہے، لوگوں سے رابطوں میں انہیں مسائل کے حل اور اپنے ووٹ کے درست استعمال کے حوالے سے رہنمائی کی جارہی ہے۔الیکشن سیل کے اجلاس میں بتایا گیا کہ مختلف وارڈز میں امیدواران کے ناموں کااعلان کردیا گیا ہے اور الیکشن دفاتر قائم کردیے گئے ہیں اور جلد مختلف مقاما ت پر ورکرز کنونشن منعقد کیے جائیں گے۔راجا عارف سلطان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کنٹونمٹ بورڈ کے انتخابات میں اپنے پرچم اور نشان پر انتخابات میں حصہ لے گی،کراچی کی تعمیر وترقی میں جماعت اسلامی کا کردار کسی تعارف، وضاحت کا محتاج نہیں ہے،ماضی میں عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان نے میئر شپ اور سٹی نظامت کے دوران وہ کام کیے جس کا آج مخالفین بھی اعتراف کرتے ہیں،جماعت اسلامی کراچی کی ایک بڑی اسٹیک ہولڈر ہے اور گراس روٹ لیول تک تنظیمی نیٹ ورک رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ عوامی مسائل سے براہ راست واقفیت رکھتی ہے اور انہیں بھرپور طریقے سے حل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے،انتخابات میں صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اچھے اور بے داغ کردار افراد کی حمایت بھی کی جاسکتی ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی طویل عرصے سے کے الیکٹرک کے مظالم سمیت شہر کے گمبھیر مسائل کے حوالے سے حقوق کراچی تحریک چلارہی ہے جس کے نتیجے میں عوامی بیداری پیدا ہورہی ہے،عوام جماعت اسلامی کی تحریک میں حصہ لے رہے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں بھرپور کامیابی کے لیے رابطوں کومزید تیز اور مؤثر بنایا جائے۔