یونان، امریکا اور کینیڈا میں آگ پر قابو نہ پایا جاسکا

257
یونان: جنگلات کی آگ کے باعث جزیرۂ ایوبویا میں پھنسے باشندوں کو جہاز کے ذریعے نکالا جارہا ہے

ایتھنز/ سکرامنٹو/ اوٹاوا (انٹرنیشنل ڈیسک) یونان، امریکا اور کینیڈا کے جنگلات میں لگنے والی آگ شدت اختیار کرگئی ہے۔ یونانی جزیرے ایوبویا میںاس آگ کے باعث سیکڑوں شہریوں کو جہازوں کے ذریعے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ اس برس یونان میں 30 برس بعد شدید گرمی پڑی، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔ ان واقعات کو ماحولیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ادھر یونان کے جزیرہ زاکنتھوس میں جنگلات کی آگ بجھانے کی کوشش میں ایک طیارہ گرکر تباہ ہوگیا۔ یونانی فائر بریگیڈ کے مطابق کافالونیا جزیرے سے زاکنتھوس کے لیے روانہ کیے گئے 2 پیٹزیٹل قسم کے طیاروں میں سے ایک لاگوپودو ماہیرادو نامی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ طیارے کا پائلٹ بچنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ دوسری جانب امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی علاقوں میں لگی آگ کو ریاست کی تاریخ میں دوسری بدترین آتشزدگی قرار دے دیا گیا ہے۔ اس تباہی کی وجہ سے کم ازکم 3 افراد ہلاک ہو چکے ہیں, جب کہ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ اس آگ پر قابو پانے کے لیے 5ہزار سے زائد فائر فائٹر فعال ہیں۔ ادھر کینیڈا کے کئی صوبوں کے جنگلات میں آگ لگی ہوئی ہے۔ برٹش کولمبیا، البرٹا، ساسکا تچیوان اور منتوبا سمیت ملک کے وسطی صوبے اونتاریو میں جنگلات کی آگ اب شہری مراکز کے لیے بھی خطرہ بننا شروع ہوگئی ہے۔