گندم‘ چینی‘ گھی‘ سبزی ‘ دالوں کے ذخائر بڑھائے جائیں‘وزیر خزانہ

79

ا سلام آباد(آن لائن) وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں وفاقی وزرا ، مشیروں اور معاونین سمیت صوبائی چیف سیکرٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی ۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے ہدایت جاری کی کہ گندم، چینی، خوردنی تیل اور گھی، سبزیوں اور دالوں کے ذخائر بڑھائے جائیں۔ طلب اور رسد بہتر بنانے کے لیے وافر مقدار میں اشیا مارکیٹ میں لائی جائیں۔قیمتوں کے کنٹرول کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں سیکرٹری خزانہ نے نیشنل پرائس کمیٹی کو مہنگائی کے رجحان پر بریفنگ دی ۔ اجلاس میں گندم، چینی، خوردنی تیل، گھی، دالوں اور چکن کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔گزشتہ ہفتے 6 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔اجلاس میں چینی، خوردنی تیل، آٹا، پیٹرول اور ڈیزل کی عالمی اور مقامی قیمتوں کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا۔ سیکرٹری فوڈ سیکورٹی نے گندم کے دستیاب وافر ذخائر پر کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا کہ حکومت نے سبسڈی دے کر مہنگائی کا کم سے کم بوجھ صارفین تک منتقل کیا۔عالمی سطح پر خام تیل 73.8 فیصد مہنگا جبکہ مقامی سطح پر ٹیکسز کم کیے گئے۔ وزیر خزانہ نے چینی اور گندم کے ذخائر کو تقویت دینے کے لیے جلد خریداری کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔چینی کی قیمت اور ذخائر کے لیے سیکرٹری فوڈ سیکورٹی کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی قائم کردی گئی ۔